anwarulnajaf.com

احکامِ نماز جماعت

 احکامِ نماز جماعت

 

مسئلہ:  نماز جہریہ کی
پہلی دو رکعتوں میں مقتدی پر واجب ہے کہ خود قرأت نہ کرے پس خاموش کھڑا رہے اور پیش
نماز کی قرأت کو سنے اور اگر پیش نماز کی آواز سنائی نہ دے تو اس کے لئے قرأت جائز
ہے۔

مسئلہ:  نماز اخفائی کی
پہلی دونوں رکعتوں میں مقتدی قرأت کے بجائے،
سُبْحَانَ
اللّٰہِ
یا اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ
پڑھتا رہے۔

مسئلہ:  آخری دونوں رکعتوں
میں خواہ نماز جہری کی ہوں یا نماز اخفائی کی ہوں مقتدی پر واجب ہے کہ یا سورۃ
فاتحہ پڑھے یا تسبیحات اربعہ (
سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ الْحَمْدُ لِلّٰہِ
وَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ  وَاللّٰہُ
اَکْبَرُ
) ایک دفعہ یا تین
دفعہ پڑھے۔

مسئلہ:  پیش نماز بھی آخری
دونوں رکعتوں میں یا سورۃ فاتحہ پڑھے گا یا تسبیحاتِ اربعہ مذکورہ پڑھے گا اور
ضروری نہیں کہ مقتدی اس میں پیش نماز کی مطابقت کرے بلکہ اگر پیش نماز سورہ فاتحہ
پڑھ رہا ہو اور مقتدی تسبیحاتِ اربعہ پڑھے یا پیش نماز تسبیحاتِ اربعہ پڑھ رہا ہو
اور مقتدی سورۂ فاتحہ پڑھے تو جائز ہے۔

مسئلہ:  مقتدی پر واجب ہے
کہ ذکر رکوع و سجود اور تشہد و دیگر اذکار خود پڑھے۔

مسئلہ:  مقتدی پر ضروری ہے
کہ کوئی ذکر بآواز بلند نہ پڑھے۔

مسئلہ:  مقتدی کو تمام
افعال و اذکار میں پیش نماز کے پیچھے پیچھے رہنا چاہیے کسی حالت میں آگے نہ بڑھے۔

مسئلہ:  کسی حالت میں پیش
نماز سے مقتدی اگر آگے بڑھ جائے تو اسے سنبھل جانا چاہیے اور پیش نماز کی متابعت
کرے ورنہ ثواب جماعت سے محروم ہوجائے گا اور نماز باطل نہ ہوگی۔

مسئلہ:  اگر بھول کر رکوع
یا سجدہ میں پیش نماز سے پہلے سر اٹھا لے تو اسے دوبارہ واپس چلا جانا چاہیے اور
اس صورت میں رکن کی زیادتی سے نماز باطل نہ ہوگی۔

مسئلہ:  اگر رکوع یا سجدہ
میں عمداً یعنی جان بوجھ کر پیش نماز سے پہلے سر اٹھا لے تو اسے دوبارہ واپس نہیں
جانا چاہیے پس وہاں رک جائے اور پیش نماز کا انتظار کرے۔ ورنہ اگر دوبارہ پیش نماز
کی متابعت کے لئے واپس رکوع یا سجود میں جائے گا تو رکن کی عمدی زیادتی کی وجہ سے
اس کی نماز باطل ہوجائے گی۔

مسئلہ:  اگر پیش نماز سے
پہلے رکوع سے بھول کر سر اٹھا لے اور دوبارہ متابعت کے لئے رکوع میں چلا جائے،
لیکن اس کے رکوع میں پہنچنے سے پہلے پیش نماز سر اٹھا لے تو اس کی نماز زیادتی رکن
کی وجہ سے باطل ہوجائے گی، لیکن سجدہ میں اگر یہ صورت پیش آئے تو نماز باطل نہ
ہوگی، کیونکہ ایک سجدہ رکن نہیں ہے۔

مسئلہ: اگر مقتدی پیش نماز سے پہلے سلام پڑھے تو اس کی نماز باطل
نہ ہوگی۔

مسئلہ:  جب مقتدی پیش نماز
کی دوسری رکعت میں شامل ہو تو اس کی پہلی رکعت ہوگی، لیکن دعائے قنوت اور تشہد میں
پیش نماز کی متابعت کرے گا اور جب پیش نماز کی تیسری رکعت ہوگی تو وہ اس کی دوسری
رکعت ہوگی پس اس کو سورہ فاتحہ اور دوسری سورۃ پڑھنی ہوگی اور تشہد بھی اپنا پڑھنا
ہوگا۔ پھر پیش نماز کی چوتھی رکعت اس کی تیسری ہوگی تو تشہد میں پیش نماز کی
متابعت کرے گا اور بعد میں اپنی چوتھی رکعت پوری کرے گا۔  اگر پیش نماز اپنی تیسری رکعت میں طول کرے تو
چونکہ وہ اس کی دوسری ہوگی، لہذا دعائے قنوت بھی پڑھ لے، لیکن اگر پیش نماز جلدی
کرے تو اس کو دعائے قنوت چھوڑی دینی چاہیے بلکہ اگر سورہ فاتحہ پڑھنے کے بعد دوسرا
سورہ بھی نہ پڑھ سکے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

مسئلہ:  اگر کوئی شخص
نافلہ پڑھ رہا ہو اور جماعت کے لئے اقامت ہوجائے تو نافلہ کو توڑ کر جماعت میں
شامل ہوسکتا ہے۔

مسئلہ:  اگر نماز فریضہ
پڑھ رہا ہو اور اقامت ہوجائے تو اس کو نافلہ میں تبدیل کرلے اور دو رکعت پڑھ کر
سلام پڑھے اور جماعت میں شامل ہوجائے اور فریضہ سے نافلہ کی طرف تب عدول کرسکتا ہے
کہ تیسری رکعت کے رکوع میں نہ پہنچ چکا ہے۔

مسئلہ:  ایک مجتہد کا مقلد
دوسرے مجتہد کے مقلد کے پیچھے اقتداء کرسکتا ہے۔

مسئلہ:  جو شخص مجتہد نہ
ہو اور مجتہد کہلائے اس کے پیچھے نماز پڑھنا جائز نہیں اور ایسے شخص کے مقلد کے
پیچھے بھی نماز پڑھنا جائز نہیں ہے۔

مسئلہ:  پیش نماز میں
ملکۂ عدالت ہونا چاہیے، جس کی بناء پر گناہان کبیرہ کا ارتکاب نہ کرے اور گناہانِ
صغیرہ پر اصرار نہ کرے۔

مسئلہ:  اگر دو عادل شخص
کسی شخص کی عدالت کی تصدیق کریں تو اس کی اقتداء میں نماز ہوسکتی ہے۔

مسئلہ:  مسجد میں مقرر شدہ
پیش نماز دوسروں سے بہتر ہے اور اگر چند پیش نماز اکٹھے ہوجائیں تو مقرر شدہ پیش
نماز کو چاہیے کہ اپنے سے افضل کو نماز پڑھانے کی اجازت دے دے۔

مسئلہ:  اگر چند پیش نماز
اکٹھے ہوں تو وہ نماز پڑھائے جس کو مقتدی چاہتے ہوں اور اگر اختلاف ہوجائے تو افضل
بالا فضل کو پیش نماز ہونا چاہیے۔ چنانچہ فقیہ غیر فقیہ سے افضل ہے۔ متقی غیر متقی
سے افضل ہے، سید غیر سید سے افضل ہے، بزرگ نوجوان سے افضل ہے اور یہ افضیلت وجوب
کے حکم میں نہیں ہے۔ ان میں سے جو بھی پڑھائے گا۔ نماز باجماعت کا ثواب حاصل
ہوجائے گا۔


by

Tags:

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *