فضائل جمعہ
وسائل الشیعہ میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے مروی
ہے کہ جس شخص کو جمعہ کا دن نصیب ہو اسے اس دن عبادت کے علاوہ اور کوئی کام نہ
کرنا چاہئے، کیونکہ بندوں کی بخشش اور نزول رحمت کا دن ہے۔
حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام نے ایک دن جمعہ کے خطبہ میں
فرمایا کہ جمعہ کے دن میں ایک ایسی ساعت ہے کہ اس میں ہر جائز دعا مقبول ہوتی ہے۔
آپ نے ایک حدیث میں فرمایا جو جمعہ کی رات کو مرے وہ فشارِ قبر سے محفوظ ہوتا ہے
اور جمعہ کے دن مرے تو عذابِ جہنم سے آزاد ہوتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے
فرمایا اگر کوئی شخص کسی نیک کام کا ارادہ رکھتا ہو، مثلاً صدقہ و خیرات وغیرہ تو
وہ جمعہ کے دن کرے، کیونکہ اس دن اس کا عمل دوگنا شمار ہوگا۔
حضور ﷺ نے فرمایا: جمعہ کے دن رات کے چوبیس گھنٹوں میں سے
ہر گھنٹہ میں چھ لاکھ گنہگاروں کو جہنم سے آزادی کا پروانہ ملتا ہے۔ حضرت امام
جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ہے کہ ہفتہ کا دن ہمارا، اتوار ہمارے شیعوں کا
سوموار، ہمارے دشمنوں کا منگل، بنو امیہ
کے لئے بدھ اور دوا پینے کے لئے خمیس قضاءِ حوائج کے لئے اور جمعہ کا دن خوشبو اور
پاکیزگی کے لئے ہے اور یہ مسلمانوں کی عید ہے اور عید الفطر و عید قربان سے افضل
ہے اور یوم عید غدیر خم تمام عیدوں سے افضل ہے جو ۱۸ ذوالحجہ کا روز ہے اور قائم
آلِ محمدؐ کا خروج جمعہ کے دن ہوگا اور قیامت بھی اسی دن قائم ہوگی اور اس دن میں
درود سے افضل اور کوئی عمل نہیں ہے۔
Leave a Reply