التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

غسل میت | ghusal mayyat

غسل میت | ghusal mayyat
غسل میت | ghusal mayyat

غسل میت | ghusal mayyat

جب میت کو غسل دینا ہو تو سایہ دار جگہ پر ایک گڑھا کھودا جائے جس کا ایک سرا لازمی طورپر قبلہ کی طرف ہو اور وہ اتنا چوڑا اور گہرا ہو کہ غسل کا تمام پانی اس میں جمع ہو سکے اور اس پر ایک تختہ بچھا کر میت کو اس طرح لٹائیں کہ پائوں میت کے قبلہ کی طرف ہوں۔
میت کے تمام کپڑے اتارنے کے بعد صرف ایک لنگی میت کی شرمگاہ پر ڈال دیں پھر دو اشخاص میت کو غسل دیں اس طرح کہ ایک صرف پانی ڈالے اور دوسرا نہلانے کا کام کرے۔

طریقہ غسل

پہلے میت کی تمام ناپاکی وغیرہ کو دور کیا جائے اور ہاتھوں پر کپڑا لپیٹ کر میت کا آگا اور پیچھا دھوئیں۔۔ اور پھر تین غسل دیں۔۔ پہلا غسل آب سدر سے (اس پانی سے جس میں بیری کے پتے ڈال کر اور مَل کر جھاگدار کیا ہو) دیں۔ اور غسل دینے والے دونوں افراد یہ نیت کریں کہ ہم غسل دیتے ہیں اس میت کو آب سدر سے وَاجِبْ قُرْبَۃً اِلٰی اللّٰہ۔۔۔ پھر تین بار فوراً ہی میت کے سر کو دھوئیں اس کے بعد میت کو بائیں کروٹ پر لٹا کر دائیں پہلو پر تین مرتبہ اس طرح پانی ڈالیں کہ شانے سے پائوں تک مسلسل پڑتا رہے اور نہلانے والا میت کے پیٹ پر ہاتھ پھیرتا جائے تاکہ پانی سب جگہ پہنچ جائے اور ہاتھ کو میت کے پہلو سے علیحدہ کرتے رہیں تاکہ پانی نیچے تک جا سکے۔۔۔ پھر میت کو دائیں پہلو پر لٹا کر اسی طرح بائیں کروٹ پر پانی ڈال کر سب جگہ پہنچائیں پھر میت کو چِت لٹا کر نہلانے والا اپنے ہاتھوں کو کہنیوں تک خالص پانی سے دھوئے۔
دوسرا غسل آب کافور سے دیا جائے اور اب پھر نیت کریں کہ غسل دیتے ہیں ہم اس میت کو آب کافور سے وَاجِبْ قُرْبَۃً اِلٰی اللّٰہ۔۔۔ بطریق سابق بجالائیں پھر غسل دینے والا خالص پانی سے اپنے ہاتھوں کو کہنیوں تک دھوئے۔
تیسرا غسل آب خالص سے دیں اور نیت کریں کہ ہم غسل دیتے ہیں اس میت کو آب خالص سے وَاجِبْ قُرْبَۃً اِلٰی اللّٰہ۔۔۔ بطریق سابق بجا لائیں اور نہلانے کے بعد میت کے بدن کو کپڑے سے خشک کریں اور کفن پہنائیں۔

تنبیہات:

-- میت کے کپڑے آہستہ اتاریں اور اگر میت کے کپڑے تنگ ہوں تو وارث کی اجازت سے چاک کر کے اتار ڈالیں۔
-- نہلانے والے کو چاہیے کہ میت کو قبلہ رو کھڑا ہو کر نہلائے اور جس وقت میت کو غسل دیا جائے تو میت کو کھڑا کرنا یا بٹھانا نہیں چاہیے بلکہ لیٹا ہی رہنے دیں۔
-- نہلاتے وقت اگر میت کے بال یا ناخن یا کوئی اور عضو علیحدہ ہو جائے تو اس کو کفن میں رکھ دیں۔
-- اگر کسی جگہ بیری کے پتے یا کافور نہ ملیں تو تینوں غسل آبِ خالص سے دیں۔
-- میت کو گرم پانی سے غسل دینا مکروہ ہے اگر سردی شدید ہو اور نہلانے والے کو تکلیف ہو تو اس قدر گرم کر لیں کہ صرف ٹھٹھرنکل جائے۔
-- عورت کو غسل دیتے وقت اس کے سر کے بال کھول دئیے جائیں اور غسل کے بعد بھی کھلے رہنے دیں۔
-- مرد کی میت کو مرداور عورت کی میت کو عورت کا غسل دینا واجب ہے۔
-- ہر غسل کیلئے لنگی اور وہ کپڑا جو ہاتھوں پر لپیٹا جائے علیحدہ ہونا چاہیے۔
-- اگر میت کا سر تن سے جدا ہو تو ہر غسل میں پہلے سر کو دھوئیں اور بعد میں بدن کو۔

ایک تبصرہ شائع کریں